رہنما پاکستان تحریک انصاف بابراعوان نے کہا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس نہیں ہونے دیا گیا اس کا مطلب ہے کہ یہ نظام آئین کے خلاف ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا کوئی جلسہ نہیں تھا صرف اجلاس تھا، ایک طرف سرکاری خرچ پر جلسے ہو رہے ہیں ، اس تمام کے باوجود میٹنگ بھی ہوگی اور لوگ بھی نکلیں گے اور آواز تو اٹھتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیکا قانون کے حوالے سے پانچوں ہائیکورٹس میں پٹیشنز آگئی ہیں ، سپریم کورٹ میں بھی آرٹیکل 184 (3) کے تحت کچھ لوگوں نے پٹیشن دائر کی ہے، اگر ایک ہی ایشو سب ہائیکورٹس میں ہو تو سپریم کورٹ اس کو یکجا کر کے لارجر پبلک انٹرسٹ کے زمرے میں سن سکتی ہے۔
