دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے اس دن کی مناسبت سے صدر مملکت آصف علی زرداری نے معاشرے میں خواتین کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پیغام دیا ہے ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان خواتین کے حقوق کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، خواتین کو تعلیم، معیشت اور قیادت میں آگے لانا پوری قوم کے فائدے میں ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو اب بھی تشدد اور امتیازی سلوک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، خواتین کے تحفظ اور معاشی آزادی کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، کاروباری اور نجی شعبے میں خواتین کو محفوظ ماحول اور مساوی اجرت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کلیدی اقدامات کئے ہیں، خواتین کے تحفظ کے لئے خصوصی عدالتیں اور ہیلپ لائنز قائم کی گئیں، پاکستان نے سیاست، عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے اور دیگر سرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔
