0

ہندوستان فالس فلیگ آپریشنز سے کشمیریوں کی حمایت کم نہیں کر سکتا وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

وادی نیلم (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہندوستان خود ساختہ واقعات اور فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے پاکستان کو کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت سے دستبردار نہیں کر سکتا۔ پاکستان، کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق، یعنی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے ہر سطح پر مؤثر اور بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وادی نیلم کے دورے کے دوران لائن آف کنٹرول کے سیاحتی مقام “کیرن” میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ 77 سالوں سے جاری ہے، مگر اس کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ حریت کم نہیں ہو سکا۔ “ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں”، انہوں نے کہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہری ہماری پہلی دفاعی لائن ہیں، جو پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ جنگ کے ذریعے پاکستان کو دباؤ میں لا سکتا ہے۔ اگر بھارت نے کسی قسم کی جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پاک فوج اور قوم اسے ہمیشہ کی طرح عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، اور ماضی میں بھی پاک فضائیہ نے ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ “اگر بھارت نے دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا”، وفاقی وزیر نے دوٹوک الفاظ میں کہا۔

انجینئر امیر مقام نے اپنے دورے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والے شہریوں کے حوصلے بلند کرنا اور انہیں یقین دلانا ہے کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں