0

وطن کی محبت میں جان قربان کرنے والے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں وزیراطلاعات آزادکشمیر

باغ (نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ وطن کی محبت میں جان نچھاور کرنا پاک فوج کے بہادر جوانوں کی پہچان ہے۔ افواج پاکستان ہمارا فخر اور شہداء ہمارے سروں کا تاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میجر سعد بن زبیر شہید نے جرأت، بہادری اور حب الوطنی کی بے مثال مثال قائم کی، اور وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار باغ میں شہید میجر سعد بن زبیر کے والدین سے ملاقات اور تعزیت کے موقع پر کیا، اور بعد ازاں تعلیم القرآن باغ میں منعقدہ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کی طرف بڑھنے والے دشمن کے ہر ناپاک ارادے کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔ “ہندوستان کی گیدڑ بھبکیاں ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں۔ اگر بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی تو اس کی آنے والی نسلیں بھی اس پر پچھتائیں گی۔”

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مودی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مومن اپنے ہاتھ کسی معصوم کے خون سے نہیں رنگتا، بھارت کے مظالم اور دجل و فریب کا پردہ چاک کیا جائے گا، اور دنیا کو اس کے سیاہ چہرے سے باخبر کیا جائے گا۔ “مودی کو میڈیا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ میجر سعد بن زبیر کے والدین کا بلند حوصلہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے، اور شہداء کی قربانیوں کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا ہے۔ “یہ گھر اللہ کا پسندیدہ ہے، جہاں سے اُس نے ایک عظیم شہید کو چنا۔”

مولانا مظہر سعید شاہ نے کہا کہ پاکستان، بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کی راہ میں واحد رکاوٹ ہے، اور افواج پاکستان کی بے مثال قربانیوں سے ہی ہمارا ملک مضبوط ہے۔ “قوم ہر محاذ پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دفاع وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں