جہلم ویلی (نامہ نگار)محکمہ فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی ٹیم نے جہلم ویلی کی مختلف مارکیٹوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ دورانِ چیکنگ آئل، جوس، کولڈ ڈرنکس اور پانی کے نمونے حاصل کر کے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے موقع پر ہی لیبارٹری تجزیہ کیا گیا۔
لیبارٹری رپورٹ کی روشنی میں کئی فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے اور وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔ فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ ملاوٹ سے پاک اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
فوڈ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کاروبار، ناقص صفائی اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔