مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے غیر رجسٹرڈ، ناقص اور مضر صحت اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ چھتر، امبور اور اپر اڈہ میں ٹیم فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے دبنگ کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ہوٹل کو ناقص صفائی اور کچن ایریا میں گندگی کے باعث سیل کر دیا جبکہ اپر اڈہ میں غیر رجسٹرڈ طور پر فروزن فوڈ کا کاروبار کرنے والی ایک دکان کو بھی سربمہر کر دیا گیا۔
کارروائی کے دوران غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت پر متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے اور وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کی کھلی خلاف ورزی ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پیور فوڈ ریگولیشن اور فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کا عملی نفاذ ادارے کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو ملاوٹ سے پاک اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر رجسٹرڈ، غیر معیاری یا ناقص خوراک فراہم کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ عوامی صحت سے کھیلنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔