ڈیلی پرل ویو (اسلام آباد) آزاد کشمیر حکومت کی مشیر برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن، چیئر پرسن ویمن پارلیمانی کاکس اور ممبر نیشنل ویمن کمیشن پاکستان محترمہ نثارہ عباسی سے دارالحکومت کی سیاسی و سماجی خواتین کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے حوالے سے مختلف پہلو زیر بحث لائے گئے۔ اس کے علاوہ، معاشرے میں خودکشی کے بڑھتے رجحانات، گھریلو تشدد، ملازمت پیشہ خواتین کے مسائل، سیاست میں خواتین کے کردار اور وراثت میں خواتین کو ان کا حق دلانے کے امور پر بھی تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں شامل خواتین کے وفد میں ارجمند قریشی، مقدس عباسی، حمیرا حفیظ، نورین رفیق، ہمایہ قوب، ثریا صابر، یاسمین خورشید، مومنہ جاوید، رابعہ نصیر، فاروق بی بی اور سمیرا حفیظ شامل تھیں۔
محترمہ نثارہ عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے۔ خواتین کو تعلیم، روزگار اور کاروبار کے مناسب مواقع فراہم کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین نہ صرف پڑھی لکھی بلکہ باشعور بھی ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہم سب کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔
محترمہ نثارہ عباسی نے مزید کہا کہ ہم حکومتی سطح پر ویمن پارلیمانی کاکس اور نیشنل کمیشن آن داسٹیٹس آف ویمن پاکستان کے پلیٹ فارم سے خواتین کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور جلد ہی ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔