مظفرآباد (نمائندہ خصوصی): میئر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد سید سکندر گیلانی، ڈپٹی کمشنر مدثر فاروق اور دیگر ضلعی افسران نے موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کیا، جس میں کونسلرز اور شہری دفاع کے رضا کاران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد موجودہ ملکی اور سرحدی صورتحال کے پیش نظر شہری سطح پر ہنگامی ردعمل، احتیاطی تدابیر اور عوامی تعاون کو یقینی بنانا تھا۔ اجلاس میں سرکاری تنصیبات، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، اور کمیونٹی سطح پر حفاظتی اقدامات پر مشاورت کی گئی۔
میئر سکندر گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہری ادارے مکمل الرٹ ہیں، اور عوامی نمائندے و رضا کاران، مقامی سطح پر اہم کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر مدثر فاروق نے کہا کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ادارے کا بروقت ردعمل اور آپس میں ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے۔
افسران نے اجلاس میں موجود تمام کونسلرز و رضاکاروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مشکوک حرکات پر نظر رکھیں اور فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔