آٹھویں جماعت کے رزلٹ کارڈ کے بغیر نویں میں داخلہ ممنوع قرار 0

آٹھویں جماعت کے رزلٹ کارڈ کے بغیر نویں میں داخلہ ممنوع قرار

ڈیلی پرل ویومظفرآباد: سیکرٹریٹ ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے زیر اہتمام پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز رجسٹرنگ اتھارٹی (PEIRA) کے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ نویں جماعت میں کسی بھی طالبعلم کو داخلہ دینے کے لیے آٹھویں جماعت کا رزلٹ کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یہ اجلاس 20 فروری 2025 کو چیئرمین پیئرا سید سلیم گردیزی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران نے انکشاف کیا کہ بعض نجی تعلیمی ادارے آٹھویں جماعت میں ناکام طلباء و طالبات کو بغیر کسی رزلٹ کارڈ کے نویں جماعت میں داخل کر رہے ہیں اور بعد ازاں ان کی بورڈ میں رجسٹریشن کروا دی جاتی ہے، جو قواعد کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن 5 مئی 2025 کو جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی طالبعلم کو نویں جماعت میں داخلہ دینے سے قبل ڈسٹرکٹ ایلیمنٹری بورڈ کا جاری کردہ آٹھویں جماعت کا اصل رزلٹ کارڈ طلب کریں۔

مراسلے میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ ’’وی بورڈ آف ڈسٹرکٹ ایلیمنٹری ایجوکیشن آزاد جموں و کشمیر 2014‘‘ کی دفعہ (2) 11 ذیلی دفعہ (1) اور (ii) کے تحت آٹھویں جماعت کا امتحان بورڈ کے دائرہ کار میں شامل ہے، لہٰذا اس ضمن میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں