ڈیلی پرل ویو: مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی نے مظفرآباد میں غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری گھی و آئل کی فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف ڈسٹری بیوٹرز پر چھاپے مارے اور بھاری جرمانے عائد کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائیاں انچارچ فوڈ اتھارٹی قاضی شفیق الرحمان کی نگرانی اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر کی ہدایت پر عمل میں لائی گئیں۔ حکام کے مطابق اس سے قبل تمام متعلقہ ڈسٹری بیوٹرز کو تنبیہی نوٹس جاری کیے جا چکے تھے جن میں واضح کیا گیا تھا کہ غیر رجسٹرڈ آئل و گھی کی فروخت، فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشن 2019 کی خلاف ورزی ہے۔
نوٹس میں ہدایت کی گئی تھی کہ تین روز کے اندر اندر فروخت کی جانے والی تمام مصنوعات کی رجسٹریشن مکمل کی جائے اور ان کا لیبارٹری ٹیسٹ کروا کر فوڈ سیفٹی اور معیار کی تصدیق پیش کی جائے۔
تاہم عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے سخت ایکشن لیتے ہوئے غیر رجسٹرڈ آئل و گھی کی بڑی مقدار ضبط کر لی اور ملوث ڈسٹری بیوٹرز پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر کا کہنا تھا کہ “عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔”