وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی کی قیادت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی ریلی، مظفرآباد سے لیپہ تک 100 کلومیٹر طویل مارچ 0

وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی کی قیادت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی ریلی، مظفرآباد سے لیپہ تک 100 کلومیٹر طویل مارچ

ڈیلی پرل ویو چناری (خصوصی رپورٹر): وزیر تعلیم آزاد جموں و کشمیر دیوان علی خان چغتائی کی قیادت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور دفاع وطن کے حوالے سے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جو مظفرآباد سے شروع ہو کر لیپہ ویلی تک تقریباً 100 کلومیٹر طویل راستے پر محیط رہی۔ ریلی میں سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں نے شرکت کی، جس کا راستے بھر مختلف مقامات پر فقید المثال استقبال کیا گیا۔

ریلی گھڑی دوپٹہ، سراں، چٹھیاں، ہٹیاں بالا، لمنیاں اور ریشیاں سمیت متعدد علاقوں سے گزری، جہاں عوام نے پاک فوج زندہ باد، “پاکستان سے رشتہ کیا؟ لا الہ الا اللہ” کے نعرے لگا کر حب الوطنی کا بھرپور اظہار کیا۔

بھارت کے لیے سخت پیغام، کشمیری قوم ہر محاذ پر تیار ہے
وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے مختلف مقامات پر خطابات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریلی دشمن کو پیغام دینے کے لیے ہے کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے، اور اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو افواجِ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ مل کر ایسا جواب دیں گی کہ آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے عوام نے ہمیشہ بھارتی جارحیت کا بہادری سے سامنا کیا ہے اور ان کا جذبہ اور پاکستان سے محبت لائقِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت 77 سالوں سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبۂ حریت کو نہیں توڑ سکا، اور آج بھی کشمیری پاکستان کے دفاع کی پہلی لائن کے سپاہی ہیں۔

“غزوہ ہند” کے جذبے کے ساتھ دفاعِ وطن کا عزم
ریلی میں شریک وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے خطاب میں کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم نبی کریم ﷺ کے امتی ہونے کے ناتے جہاد کے جذبے سے سرشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا کشمیری نوجوان بھارتی فوج کے سامنے سینہ تان کر پاکستان کے حق میں نعرے لگاتا ہے اور شہادت کو اعزاز سمجھتا ہے۔

چوہدری رشید نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ “غزوہ ہند” برپا ہو کر رہے گا اور کشمیری عوام جنرل عاصم منیر کی قیادت میں اس عظیم معرکہ کو ایمان کا حصہ سمجھ کر لڑیں گے۔

متحد قوم، پُرعزم قیادت
مقررین نے اس موقع پر زور دیا کہ آج سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پنڈال میں شریک عوام نے حب الوطنی کے نعرے لگائے اور افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ریلی کا اختتام لیپہ میں ہوا، جہاں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے اعلان کیا کہ کشمیری قوم ہمیشہ کی طرح دفاع وطن کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں