ڈیلی پرل ویو مظفرآباد (نمائندہ خصوصی): ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر نے ٹیم فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ غیر رجسٹرڈ اور ناقص مشروبات سے بھرے ٹرک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے موقع پر ہی روک کر ضبط کر لیا۔ کارروائی فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کی گئی، جو فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 کے تحت عمل میں لائی گئی۔
ابرار احمد میر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اشیائے خوردونوش سے بچانا محکمہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشروبات کے سیمپل لیبارٹری بھیجے جا رہے ہیں اور قانون کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مزید کہا گیا کہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے پہلے ہی تمام ڈسٹری بیوٹرز اور کمپنیز کو نوٹسز جاری کیے جا چکے تھے کہ صرف رجسٹرڈ اور لیبارٹری سے تصدیق شدہ مصنوعات ہی مارکیٹ میں لائی جائیں۔