مظفرآبادسول ڈیفنس کی جانب سے ہوائی حملوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشقیں جاری 0

مظفرآبادسول ڈیفنس کی جانب سے ہوائی حملوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشقیں جاری

ڈیلی پرل ویومظفرآباد: موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے مختلف سرکاری اداروں میں آگاہی مہمات اور ڈرل/موک ایکسرسائزز کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے روز ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس ابرار اعظم کی ہدایت پر ڈائریکٹریٹ جنرل سول ڈیفنس اور ضلع مظفرآباد کے افسران پر مشتمل ٹیم نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے ملازمین کے لیے ایک آگاہی سیشن اور عملی مشق کا اہتمام کیا۔

اس موک ایکسرسائز کا مقصد ملازمین کو ہوائی حملوں، جنگی صورتحال یا کسی بھی ہنگامی خطرے کی صورت میں محفوظ پناہ گاہوں کی جانب انخلاء کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا اور ایسی صورتحال میں مربوط اور بروقت ردعمل کی عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔

ڈرل کی نگرانی اور رہنمائی ڈپٹی ڈائریکٹر طارق فیروز، ظہیر راٹھور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نوید الحسن بخاری، چیف انسٹرکٹر صنم نقوی اور انسٹرکٹر باسط مغل نے کی۔

اس مشق میں سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عامر لطیف اعوان سمیت محکمہ کے دیگر افسران اور اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔ سیکرٹری عامر لطیف اعوان نے سول ڈیفنس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مشقیں مستقبل میں بھی باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی تاکہ ملازمین کو ہر طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رکھا جا سکے۔

یاد رہے کہ ناظم اعلیٰ شہری دفاع کی ہدایت پر یہ آگاہی مہمات اور ڈرلز نہ صرف سرکاری محکموں بلکہ سکولوں اور دیگر اداروں میں بھی مرحلہ وار جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں