مظفرآبادتعلیمی اداروں میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیتی مشقیں جاری 0

مظفرآبادتعلیمی اداروں میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیتی مشقیں جاری

ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد: موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر محکمہ سول ڈیفنس آزاد کشمیر کی جانب سے تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تربیتی مشقوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ان تربیتی مشقوں میں ہنگامی انخلا، ابتدائی طبی امداد، آگ سے بچاؤ اور خطرات کی بروقت شناخت جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔ ان کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کسی بھی ممکنہ جنگی یا ہنگامی صورتحال میں طلباء و طالبات بروقت اور مؤثر ردعمل دے سکیں۔

اس سلسلے میں جمعرات کے روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہری دفاع نوید الحسن بخاری، چیف انسٹرکٹر صنم نقوی، ثوبیہ احمد، زیشان قریشی اور باسط مغل نے دارالحکومت مظفرآباد کے مختلف بوائز و گرلز اسکولوں کا دورہ کیا اور وہاں طلباء و طالبات کو عملی تربیت فراہم کی۔

تربیتی سیشنز کے دوران آگاہی لیکچرز اور عملی مشقیں کروائی گئیں جن میں طلبہ نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ انسٹرکٹرز نے طلبہ کو یہ بھی بتایا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پرسکون رہنا، فوری انخلا کے راستے اختیار کرنا اور باہم تعاون کے ذریعے خطرے سے بچاؤ کس طرح ممکن ہے۔

یاد رہے کہ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے شروع کی گئی یہ آگاہی مہم عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل کر رہی ہے اور شہری حلقوں کی جانب سے ان مشقوں کو قابل تحسین اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں