موجودہ صورتحال پر وزیراعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، ایمرجنسی نافذ، تمام وسائل جنگی بنیادوں پر مختص 0

موجودہ صورتحال پر وزیراعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، ایمرجنسی نافذ، تمام وسائل جنگی بنیادوں پر مختص

ڈیلی پرل ویو، مظفرآباد – وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت موجودہ صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ڈی ایم اے، محکمہ صحت عامہ، داخلہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے شرکت کی اور وزیراعظم کو صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

فوری ایمرجنسی نافذ، تمام وسائل حالتِ جنگ سے نمٹنے کے لیے مختص
وزیراعظم آزادکشمیر نے اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) کو فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی، اور ہدایت کی کہ تمام وسائل حالتِ جنگ سے نمٹنے کے لیے بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس میں تمام اضلاع میں قائم ایمرجنسی رسپانس سینٹرز کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بھارتی جارحیت کے شہداء کے لواحقین کو معاوضہ جات کی فراہمی پر اطمینان
وزیراعظم نے بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین کو معاوضہ جات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور ریلیف اور بحالی کا ہر ممکن انتظام کیا جا رہا ہے۔

وزراء کو اپنے حلقوں میں متاثرین کی نگرانی کی ہدایت
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ہدایت کی کہ تمام وزراء اپنے حلقہ انتخاب میں موجود رہ کر متاثرین کو ریلیف اور معاوضہ جات کی بروقت فراہمی کی نگرانی کریں۔

نیلم ویلی کے لیے ہنگامی ایمبولینس سروسز فراہم
وزیراعظم کی ہدایت پر نیلم ویلی کے لیے تین “فور بائی فور” ایمبولینسز فوری روانہ کر دی گئی ہیں، جبکہ ایل او سی سے ملحقہ بی ایچ یو نوسدہ کو بھی “فور بائی فور” ایمبولینس فراہم کر دی گئی ہے تاکہ دشوار گزار علاقوں میں فوری رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں سینئر وزراء اور اہم اداروں کی شرکت
اجلاس میں سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، پیر محمد مظہر سعید شاہ، چوہدری محمد رشید، میاں عبدالوحید سمیت محکمہ صحت، داخلہ، ایس ڈی ایم اے اور دیگر ایسنشل سروسز کے افسران نے شرکت کی اور اپنی اپنی رپورٹ پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں