مظفرآباد جوڈیشل کمپلیکس میں وکلا کو شہری دفاع کی تربیت، رضاکارانہ رجسٹریشن کا آغاز 0

مظفرآباد جوڈیشل کمپلیکس میں وکلا کو شہری دفاع کی تربیت، رضاکارانہ رجسٹریشن کا آغاز

ڈیلی پرل ویو – محکمہ شہری دفاع کے شعبہ ٹریننگ کے زیرِ اہتمام ہفتہ کے روز جوڈیشل کمپلیکس مظفرآباد میں وکلا کے لیے خصوصی تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں وکلا نے شرکت کی۔

تربیتی سیشن کے دوران شرکا کو فرسٹ ایڈ، ریسکیو آپریشنز اور فضائی حملے کی صورت میں ہنگامی انخلا جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی آگاہی دی گئی۔ عملی مشقوں میں سائرن بجا کر موک ایویوایشن ایکسرسائزز بھی کروائی گئیں تاکہ حقیقی حالات میں فوری ردعمل کی صلاحیت پیدا کی جا سکے۔

اس موقع پر وکلا کی جانب سے محکمہ شہری دفاع کی کاوشوں کو سراہا گیا اور درجنوں وکلا نے شہری دفاع کے رضاکار بننے کے لیے رجسٹریشن فارم بھی پر کیے۔ شہری دفاع کے حکام کے مطابق یہ تربیت نہ صرف وکلا کی ذاتی سلامتی بلکہ عوامی فلاح کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔

محکمہ شہری دفاع نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں دیگر پیشہ ور طبقات کے لیے بھی تربیتی سیشنز منعقد کیے جائیں گے تاکہ ہنگامی حالات میں معاشرے کا ہر فرد مؤثر کردار ادا کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں