ڈیلی پرل ویو – وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو مؤثر اور فیصلہ کن جواب دینے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے بہادر جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ “پاک فوج نے مظلوم کشمیریوں کی قربانیوں کا بدلہ لے لیا، بھارت کی ملٹری انسٹالیشنز کو تباہ کر کے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا”۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا – “کشمیر پر تین جنگیں لڑی ہیں، سات اور لڑیں گے” کا قول آج میدانِ عمل میں سچ ثابت ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن کی کامیابی دنیا کے لیے حیرت کا باعث بنی ہے۔ پاک فوج نے صرف ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا، جو اس کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ Accuracy کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ “پاک فوج نے دشمن پر اپنی ہیبت طاری کر دی ہے”۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور افواجِ پاکستان یک جان دو قالب ہیں۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا جواب دینے کے لیے متحد ہے۔ چوہدری انوارالحق نے مزید کہا کہ “قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، جنہوں نے وطن کے دفاع میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے”۔
انہوں نے یاد دلایا کہ قانون ساز اسمبلی میں ان کا اعلان تھا کہ بھارت کو اس کی جارحیت کا جواب ضرور ملے گا، اور آج افواجِ پاکستان نے عملی طور پر یہ وعدہ پورا کر دیا۔ وزیراعظم نے میڈیا کے ذریعے پیغام دیا کہ “پاکستان کا دشمن کو دن کی روشنی میں دیا گیا دندان شکن جواب ہندوستان کو ہمیشہ یاد رہے گا”۔