ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) نرسز کے عالمی دن کے موقع پر عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) امبور مظفرآباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آفس میں ہونے والی اس تقریب میں ایمز کی تمام نرسز نے شرکت کی اور نرسنگ کے شعبے سے وابستہ محنتی، بہادر اور پیشہ ور نرسز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
محترمہ ثمینہ کوثر اور فرخندہ رفیق کی زیرِ نگرانی کیک کاٹا گیا
تقریب کی صدارت نرسنگ سپرنٹنڈنٹ محترمہ ثمینہ کوثر اور ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ محترمہ فرخندہ رفیق نے کی۔ اس موقع پر کیک کاٹ کر پاکستان، آزادکشمیر اور دنیا بھر کی نرسز کو ان کی بے لوث خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
نرس: ہمدردی اور خدمت کی علامت
تقریب کے دوران مقررین نے نرسز کو خلوص، ہمدردی، محبت اور دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کی علامت قرار دیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ نرسنگ کا شعبہ انسانی خدمت کا وہ پہلو ہے جو خاموشی سے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
آزادکشمیر کی نرسز کو درپیش مسائل
تقریب میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ آزادکشمیر کی نرسز کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں:
نرسز کی شدید کمی
صحت کے شعبے میں غیر مساوی رویہ
سروس سٹرکچر کی عدم فراہمی
معاشرتی سطح پر غیر مقبولیت
شرکاء نے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا کہ ان چیلنجز کا فوری حل نکالا جائے تاکہ یہ قیمتی ہیریں اپنے پیشے میں مزید نکھر سکیں۔
ایمز باڈی کی صدر شازیہ مقبول کا اظہارِ تشکر
تقریب کے اختتام پر ایمز باڈی کی صدر شازیہ مقبول اور سٹاف نرسز نے نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کا شکریہ ادا کیا اور اس دن کی مناسبت سے تقریب کے انعقاد کو سراہا۔