آزاد جموں و کشمیر میں ناقص اشیاء خوردونوش کی فروخت پر پابندی، فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی 0

آزاد جموں و کشمیر میں ناقص اشیاء خوردونوش کی فروخت پر پابندی، فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

ڈیلی پرل ویو، مظفرآباد – آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں خوراک کی کوالٹی پر سخت نگرانی جاری رکھتے ہوئے متعدد غیر معیاری اشیاء خوردونوش کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس ضمن میں کئی معروف آئل، گھی اور گوشت کی مصنوعات پر بھاری جرمانے عائد کرتے ہوئے فوری پابندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

غیر معیاری کوکنگ آئل اور گھی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ، فروخت پر مکمل پابندی
فوڈ اتھارٹی کی لیبارٹری رپورٹس کے مطابق وطن کوکنگ آئل، جمیر بناسپتی گھی، برکت کوکنگ آئل، میزان کوکنگ آئل، شفق بناسپتی، کائنات پیش بناسپتی، خیبر بناسپتی، کائنات سپر کنولا آئل، شاہ تاج کوکنگ آئل اور ربی بناسپتی کی مصنوعات معیار پر پورا نہ اُترنے کے باعث فی کس ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور آزاد کشمیر میں ان کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی۔

غیر محفوظ گوشت و فوڈ پراڈکٹس پر پابندی
اسی طرح Meat Club، نج فوڈز پرائم پولٹری، PK Foods اور ڈان فوڈز کی مصنوعات کے سیفٹی اور کوالٹی پیرا میٹرز غیر تسلی بخش پائے گئے جس پر ان کمپنیوں کو بھی ایک لاکھ روپے جرمانہ کر کے فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔

لیبلنگ قواعد کی خلاف ورزی پر مہلت اور جرمانے
فوڈ اتھارٹی نے پانچ فوڈ کمپنیوں کو لیبلنگ قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانہ کرتے ہوئے 15 دن کے اندر درست لیبلنگ کی ہدایت جاری کی ہے۔

میرپور میں دودھ کی ملاوٹ پر کریک ڈاؤن، دودھ کی گاڑی واپس
ضلع میرپور میں 11 ملک شاپس کو دودھ میں پانی اور ملک پاؤڈر کی ملاوٹ پر سیل کیا گیا، جبکہ پنجاب سے بغیر اجازت دودھ لانے والی گاڑی کو جرمانے کے بعد واپس بھیج دیا گیا۔

عوام کو خالص خوراک کی فراہمی اولین ترجیح: سیکرٹری فوڈ اتھارٹی
سیکرٹری فوڈ اتھارٹی نے کہا:

“آزاد کشمیر میں خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو معیاری، محفوظ اور خالص اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں