یومِ تشکر: "آپریشن بنیان المرصوص" قوم کی غیرت، حمیت اور دفاعی صلاحیت کا مظہر ہے —صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود 0

یومِ تشکر: “آپریشن بنیان المرصوص” قوم کی غیرت، حمیت اور دفاعی صلاحیت کا مظہر ہے —صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود

ڈیلی پرل ویو، مظفرآباد — صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یومِ تشکر کے تاریخی موقع پر پوری پاکستانی قوم بالخصوص آزاد کشمیر کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ “آپریشن بنیان المرصوص” محض ایک عسکری کارروائی نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم، خودداری اور قربانی کے جذبے کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔

دشمن کو تاریکی میں حملے کا دندان شکن جواب
صدر ریاست نے کہا کہ جب دشمن نے رات کی تاریکی میں میزائل حملے کر کے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا تو افواجِ پاکستان نے برق رفتاری سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو تاریخی سبق سکھایا۔ بھارت کو نہ صرف فوری جنگ بندی پر مجبور ہونا پڑا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی، عزم اور قابلیت کو سراہا گیا۔

افواجِ پاکستان قوم کی وقار کی علامت
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان محض جغرافیائی سرحدوں کی محافظ نہیں، بلکہ یہ قومی وقار، نظریاتی سرحدوں اور امتِ مسلمہ کی امیدوں کا مرکز بھی ہیں۔ “آپریشن بنیان المرصوص” نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

شہداء اور متاثرین کو خراجِ عقیدت
صدر آزاد کشمیر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کے سبب ہی آج ہم فخر سے یہ دن منا رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے متاثرین خصوصاً معصوم بچوں اور شہریوں کی یاد میں بھی گہرے دکھ اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

یومِ تشکر کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی اپیل
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عوام سے اپیل کی کہ 16 مئی کو ہونے والی یومِ تشکر کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں۔ نماز جمعہ کے بعد ریلیوں میں شریک ہو کر افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے دعاؤں کا خصوصی اہتمام کریں۔

“اللہ تعالیٰ ہمیں متحد رکھے، ہمارے شہداء کے درجات بلند کرے اور مقبوضہ کشمیر کو جلد آزادی کی نعمت سے نوازے، آمین۔” — بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں