ڈیلی پرل ویو، مظفرآباد — وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے یومِ تشکر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ “آپریشن بنیان المرصوص” پاکستان کی عسکری برتری، قومی غیرت اور دفاعی صلاحیت کا وہ روشن باب ہے جس پر پوری قوم اور آنے والی نسلیں فخر کرتی رہیں گی۔
بھارت کے بزدلانہ حملے کا جرات مندانہ جواب
وزیراعظم نے کہا کہ 7 مئی 2025 کی رات جب بھارت نے بزدلانہ انداز میں پاکستانی فضاؤں کی خلاف ورزی کی، تو پاکستانی فضائیہ نے بروقت اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کے پانچ طیارے تباہ کر دیے۔ اس کے بعد 10 مئی کو افواجِ پاکستان نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال قومی حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
دنیا نے پاکستان کی خودداری کو تسلیم کیا
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ افواج پاکستان نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان پرامن قوم ہے مگر اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ اگر پاکستان کو چیلنج کیا گیا تو جواب فولاد سے دیا جائے گا، پتھروں سے نہیں۔
شہداء کو خراجِ عقیدت، قوم سے بھرپور شرکت کی اپیل
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ “یومِ تشکر کے موقع پر ہم ان عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہماری دعائیں ان کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے صبر و استقامت کے ساتھ ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ “تمام مکاتبِ فکر اور طبقہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد آج 16 مئی کو منعقد ہونے والی یومِ تشکر تقریبات میں بھرپور شرکت کریں، افواجِ پاکستان سے اپنی یکجہتی کا عملی اظہار کریں، اور وطنِ عزیز اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے دعائیں کریں۔
“قومیں وہی زندہ رہتی ہیں جو اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں، اپنی افواج پر فخر کرتی ہیں، اور اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتیں۔” — وزیراعظم چوہدری انوارالحق