فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا غیر معیاری دودھ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، موبائل لیب کے ذریعے موقع پر جانچ 0

فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا غیر معیاری دودھ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، موبائل لیب کے ذریعے موقع پر جانچ

ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (پریس ریلیز) — فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے غیر معیاری دودھ کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ زیرو پوائنٹ پر لگائے گئے ناکے پر دودھ فروشوں سے نمونے حاصل کر کے موقع پر ہی تجزیہ کیا گیا۔

ابتدائی ٹیسٹنگ رپورٹس میں دودھ میں سکمڈ ملک پاؤڈر (Skimmed Milk Powder – SMP) کی موجودگی پائی گئی، جو کہ دودھ میں ملاوٹ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس انکشاف پر متعدد دودھ فروشوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق، SMP کے ساتھ ملاوٹ نہ صرف دودھ کی غذائیت، ذائقے اور معیار کو متاثر کرتی ہے بلکہ انسانی صحت کے لیے خطرناک بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ کارروائی کے دوران مضر صحت دودھ کو موقع پر تلف کر دیا گیا اور ذمہ داران پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد/جہلم ویلی ابرار احمد میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:

“شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ ناقص دودھ کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی، اور کریک ڈاؤن کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔”

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی جگہ ملاوٹ شدہ یا غیر معیاری دودھ کی فروخت کا مشاہدہ کریں تو فوراً فوڈ اتھارٹی کے ہیلپ لائن نمبر 1280 پر اطلاع دیں، تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں