آزاد کشمیر میں خواتین و مرد حضرات کو بلا سود قرضوں کی تقسیم، 57.80 لاکھ روپے کے چیک جاری 0

آزاد کشمیر میں خواتین و مرد حضرات کو بلا سود قرضوں کی تقسیم، 57.80 لاکھ روپے کے چیک جاری

مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) — آزاد کشمیر سمال انڈسٹریز کی زیر نگرانی اخوت پروگرام کے تحت 63 مرد و خواتین میں 57 لاکھ 80 ہزار روپے کے بلا سود قرضہ جات کے چیک تقسیم کیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد پرائیویٹ سیکٹر میں روزگار کے مواقع بڑھانا اور حکومت کی معاشی ترجیحات کے مطابق عوام کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

خواتین کی معاشی شمولیت خوش آئند ہے: پروفیسر کوثر تقدیس گیلانی
تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر سمال انڈسٹریز و ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی پروفیسر کوثر تقدیس گیلانی نے خواتین کو بلا سود قرضے کے چیک خود تقسیم کیے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شرکت آزاد کشمیر کے لیے ایک حوصلہ افزاء رجحان ہے، جو معاشرتی اور معاشی ترقی کی جانب اہم قدم ہے۔

اخوت پروگرام کے دائرہ کار میں وسعت، مزید فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں
وزیر حکومت نے انکشاف کیا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ہدایت پر اخوت پروگرام کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جا رہا ہے اور اس کے لیے 25 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی یوتھ کو 20 لاکھ روپے تک کے بلا سود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے روزگار کے مواقع خود تخلیق کر سکیں، جس سے غربت میں کمی آئے گی اور معاشی استحکام حاصل ہو گا۔

تقریب میں اعلیٰ افسران اور اخوت کے نمائندگان کی شرکت
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ذیشان عارف، ڈائریکٹر ایڈمن وحید احمد، ڈائریکٹر پراجیکٹس عبد الخالق عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر قاضی تنویر احمد، کو آرڈی نیٹر مظہر حسین اور اخوت پروگرام کے ایریا منیجر انوار الحق نے بھی شرکت کی اور اس اہم اقدام کو غربت کے خاتمے اور خود انحصاری کی جانب عملی پیش رفت قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں