وزیراعظم آزاد کشمیر کا پاک فوج کو خراج تحسین، دشمن کو دندان شکن جواب پر قوم کو فخر ہے 0

یومِ تشکر: وزیراعظم آزاد کشمیر کا “آپریشن بنیان المرصوص” پر قوم کو مبارکباد، پاک فوج کو خراج تحسین

مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) — وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے یومِ تشکر کے موقع پر کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارت کو عبرتناک شکست دے کر قوم کے سر فخر سے بلند کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم رب ذوالجلال کا شکر ادا کرتی ہے جس نے مودی کا غرور خاک میں ملا دیا۔

یوم تشکر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ:

“بھارت آئندہ کبھی جارحیت کا سوچے گا بھی نہیں۔ ہماری بہادر افواج وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت چوکس ہیں۔”

انہوں نے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دندان شکن جواب دے کر دشمن کو اس کی اصل اوقات یاد دلا دی۔

قوم کا مسلح افواج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں، جنہوں نے اس موقع پر ملی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
انہوں نے پاک افواج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ:

“انہوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہماری افواج نے دشمن پر ہیبت طاری کر دی ہے۔”

“آپریشن بنیان المرصوص” ہماری تاریخ کا روشن باب
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے “آپریشن بنیان المرصوص” کو پاکستان کی سنہری تاریخ کا روشن باب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ:

“بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، مگر ہم نے دن کی روشنی میں دشمن کو تارے دکھائے۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن کے پانچ طیارے مار گرائے۔”

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ:

“وطن کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ 10 مئی کو ہماری افواج نے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی غیرت کا بے مثال مظاہرہ کیا۔”

ریاست کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر یہ ثابت کر دیا کہ:

“پاکستان اپنی سلامتی اور ریاست کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور اگر کبھی دشمن نے جارحیت کی کوشش کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔”

کشمیری عوام کی جانب سے عظیم شہداء کو خراج عقیدت
یومِ تشکر کے موقع پر کشمیری عوام نے بھی عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج پاکستان ہمارا قومی فخر ہیں اور وطن کی سلامتی یقینی بنانے پر ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں