صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا خطاب: "آپریشن بنیان المرصوص نے مودی کے جنگی جنون کو خاک میں ملا دیا" 0

صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا خطاب: “آپریشن بنیان المرصوص نے مودی کے جنگی جنون کو خاک میں ملا دیا”

کوٹلی (ڈیلی پرل ویو) — صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کو شکست دے کر پاک فوج نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ بھارت کے جنگی جنون اور ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے کوٹلی میں ڈاکٹر جہانگیر کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دی گئی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزراء، مشیران، وکلاء، بلدیاتی نمائندگان، اور سول سوسائٹی کے اہم افراد نے شرکت کی۔

مودی حکومت کی فسطائیت بے نقاب
صدر ریاست نے اپنے خطاب میں کہا:

“مودی سرکار نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں فالس فلیگ آپریشن کر کے پاکستان کی سرحدی خلاف ورزی کی، شہری آبادیوں پر بمباری کی اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم مزید تیز کر دیا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی ہندوتوا پالیسیوں اور جنگی جنون کا چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، حتیٰ کہ بھارت کے عوام خود مودی سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

عالمی سطح پر بھارت کی رسوائی
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت اب عالمی برادری سے اپنا دہشت گرد چہرہ چھپا نہیں سکتا۔ کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کا ملوث ہونا کینیڈین وزیر اعظم نے واضح طور پر دنیا کے سامنے پیش کر دیا ہے۔

“یہ ثبوت بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کے جنگی جرائم کا نوٹس لے۔”

پاک فضائیہ کا منہ توڑ جواب
صدر ریاست نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں پاک فضائیہ نے دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے۔

“ہماری بہادر افواج نے واضح کر دیا کہ پاکستان کوئی شام یا فلسطین نہیں بلکہ ایک مضبوط ایٹمی ریاست ہے، جس کی حفاظت کے لیے ہر کشمیری اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔”

مسئلہ کشمیر پر عالمی ثالثی کا مطالبہ
صدر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا:

“ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ یہ پیشکش بھارت کے اس مؤقف کو رد کرتی ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک اندرونی معاملہ ہے۔”

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا دیرینہ مسئلہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جا سکتا ہے۔

سہ فریقی مذاکرات کی ضرورت
صدر آزاد کشمیر نے زور دیتے ہوئے کہا:

“پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے کسی بھی مذاکرات میں کشمیریوں کو فریق اول کی حیثیت سے شامل کیا جانا چاہیے، تاکہ اس دیرینہ مسئلے کا پائیدار حل نکالا جا سکے۔”

یکم جون کو کوٹلی میں یوم تشکر منانے کا اعلان
صدر ریاست نے اعلان کیا کہ:

“یکم جون کو میں کوٹلی میں یوم تشکر منانے آؤں گا۔ ہم اپنی مسلح افواج کی کامیابی پر اظہار تشکر کریں گے اور دنیا کو بتائیں گے کہ ہم کشمیر کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔”

بین الاقوامی برادری سے اپیل
خطاب کے اختتام پر صدر ریاست نے عالمی برادری، بالخصوص امریکہ، سعودی عرب، قطر، چین اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں، تاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن ممکن ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں