مظفرآباد ڈی جی معدنی وسائل ثریا خانم کا شوائی و کامسر ایریا کا دورہ، غیر قانونی نکاسی پر سخت ایکشن کی ہدایات 0

مظفرآباد ڈی جی معدنی وسائل ثریا خانم کا شوائی و کامسر ایریا کا دورہ، غیر قانونی نکاسی پر سخت ایکشن کی ہدایات

مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) — ڈائریکٹر جنرل معدنی وسائل آزاد جموں و کشمیر ثریا خانم نے آج محکمہ معدنی وسائل کے افسران اور ضلعی پولیس کے ہمراہ شوائی اور کامسر ایریا کا دورہ کیا۔ دورانِ دورہ، شوائی ایریا میں معزز عدالت العظمیٰ کی جانب سے کرش پلانٹ مالکان کو میٹریل اٹھانے کی مشروط اجازت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

ڈی جی معدنی وسائل نے موقع پر موجود کرش پلانٹ مالکان کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ:

“معزز عدالت العظمیٰ کے مورخہ 15 مئی 2025 کے حکم کے مطابق، محکمہ ماحولیات کے ماحول بچاؤ پلان، محکمہ معدنی وسائل کی جاری کردہ ہدایات اور مروجہ رائیلٹی ریٹس کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے رائیلٹی کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔”

کامسر ایریا میں غیر قانونی نکاسی پر فوری کارروائی کا حکم
بعد ازاں ڈی جی معدنی وسائل نے کامسر ایریا کا بھی وزٹ کیا، جہاں موقع پر پولیس حکام کو ہدایات جاری کی گئیں کہ:

“کسی بھی غیر قانونی نکاسی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تاخیر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔”

انہوں نے محکمہ معدنی وسائل کے افسران کو تاکید کی کہ کامسر اور ملحقہ علاقوں میں موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں فوری ایکشن لیا جائے۔

غیر قانونی نکاسی پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی
ڈی جی معدنی وسائل نے واضح کیا کہ:

“آزاد کشمیر بھر میں معدنیات کی غیر قانونی نکاسی پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔”

محکمہ معدنی وسائل آزاد جموں و کشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ، عدالتی احکامات پر عملدرآمد اور قومی وسائل کی حفاظت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں