مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) — چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان، سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم اور جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیخ راشد مجید اور بلدیہ مجسٹریٹ شیخ زاہد مجید کے والد محترم، سابق رجسٹرار ہائی کورٹ شیخ عبدالمجید کی وفات پر ان کی رہائشگاہ جا کر فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
مرحوم شیخ عبدالمجید کی عدلیہ کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت
اعلیٰ عدلیہ کے معزز ججز نے مرحوم کی آزاد کشمیر عدلیہ کے لیے طویل و بے لوث خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شیخ عبدالمجید ایک ایماندار، دیانتدار اور پیشے سے محبت رکھنے والے جج تھے۔ ان کی وفات نہ صرف ان کے خاندان بلکہ عدالتی حلقوں کے لیے بھی بڑی علمی و اخلاقی کمی ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔