اسلام آباد (ڈیلی پرل ویو) — چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک پروقارتقریب میں شرکت کی، جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے کا بیٹن صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پیش کیا گیا۔
اس تاریخی تقریب میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کے علاوہ وفاقی کابینہ کے ارکان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ارکانِ پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارت کار، سول اور عسکری حکام، اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ و گورنرز شریک ہوئے۔
چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے اس موقع پر جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعلیٰ عہدے پر ترقی پانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص میں جنرل عاصم منیر کی اعلیٰ عسکری حکمتِ عملی اور دشمن پر فیصلہ کن فتح قابلِ تحسین ہے۔ ان کی جرات مند اور مدبرانہ قیادت نے پاکستان کو ایک تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے جو شجاعت اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، وہ قومی تاریخ کا سنہرا باب بن چکا ہے۔ ان کی ترقی دراصل پوری قوم کے لیے فخر اور وقار کا باعث ہے۔