ڈیلی پرل ویو.وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ سے آذربائیجان ٹیلیویژن اے۔زیڈ ٹی وی کے وفد نے الماز محمود نصیبووا کی سربراہی میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت آزادجموں وکشمیر میں میڈیالینڈاسکیپ بارے تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی بھرپور حمایت پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے رشتے کو سراہااور کہاکہ آذربائیجان ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ، ہم مشکل حالات میں برادراسلامی ممالک کی حمایت بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کی بھرپور حمایت پر شکرگزار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم امن کے خواہاں ہیں ، جنوبی ایشیا میں امن صرف اسی صورت قائم ہوسکتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکے حل میں واحد رکاوٹ ہندوستان ہے جو مقبوضہ جموں وکشمیر پر غاصبانہ قبضہ جمائے ہوئے اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی جانب سے اگر دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی گئی تو اسے 10مئی سے زیادہ سخت جواب دیاجائےگا۔ وزیراطلاعات نے آزادکشمیر کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر میں پاکستان بھر میں سب سے زیادہ لٹریسی ریٹ ہے یہاں خواتین میں مردوں کی نسبت پڑھنے لکھنے کا رحجان زیادہ ہے ، آزادکشمیر کی خواتین نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مثالی ہے ۔ حکومت آزادکشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر ہے اس کے بعد حکومت کا فوکس اس خطہ کے عوام کامعیار زندگی بلند کرنے پر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں کوئی سیاسی قیدی نہیں جب کہ اس کے برعکس مقبوضہ جموں وکشمیر میں لاکھوں افراد کو ہندوستان کے خلاف آواز اٹھانے کے جرم میں شہید کیاجاچکا ہے ، اسوقت بھی ہزاروں نوجوانوں بھارتی عقوبت خانوں میں ظلم و جبر کا شکار ہیں ، حریت رہنماوں کوبھی پابندسلاسل کر کے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ ے جارہے ہیں ۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل