ڈیلی پرل ویو.چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں انکے اعزاز میں آزاد جموں وکشمیر جوڈیشل ایمپلائیز ایسوسی ایشن کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں رجسٹرار ہائیکورٹ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایڈیشنل رجسٹرار ہائیکورٹ، قاضی صاحبان، جوڈیشل آفیسران، سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سمیت آزادکشمیر بھر سے لوئر جوڈیشری کے ملازمین نے شرکت کی۔ جوڈیشل ایمپلائیز ایسوسی ایشن کی جانب سے چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا باالخصوص شعبہ عدلیہ کے ملازمین کے لیے اسپیشل جوڈیشل الاؤنس، مکانیت کے مسئلے کو حل کرنے، میرٹ کی بالادستی سمیت دیگر اقدامات پر چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آزادکشمیر کے معروف قانون دان و سابق ایڈووکیٹ جنرل راجہ غضنفر علی خان ایڈووکیٹ کی وفات کی وجہ سے تقریب کا انتہائی سادگی اور اختصار کے ساتھ انعقاد کیا گیا تھا۔تقریب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرآباد جہانگیر احمد جرال، سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن مہر علی شاہ ایڈووکیٹ، جوڈیشل ایمپلائیز ایسوسی ایشن کے صدر وحید مغل، جوڈیشل ایمپلائیز ایسوسی ایشن کے چیف آرگنائزر قیصر بانڈے، جوڈیشل ایمپلائیز ایسوسی ایشن نیلم کے صدر وکیل چشتی نےخطاب کیا اور چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں شعبہ عدلیہ کے ملازمین کی فلاح وبہبود، میرٹ کی بالا دستی اور انصاف کی فراہمی کے حوالے سے جسٹس صداقت حسین راجہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور جج اور بطور چیف جسٹس ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ شعبہ عدلیہ کو کچھ دیکر جاوں، عدلیہ کے ملازمین کا اپنے بچوں کی طرح خیال رکھا ہے۔ اسپیشل جوڈیشل الاونس عدلیہ کے ملازمین کو دینے کے بعد عدلیہ کے نظام میں شفافیت آئی ہے ۔ انہوں نےکہا کہ آج میرا ایک عزیز دوست راجہ غضنفر علی خان ایڈووکیٹ اس دنیا سے چلا گیا ہے ان کی بلندی درجات کے لیے دعا گو ہوں۔ تقریب کے اختتام پر جوڈیشل ایمپلائیز ایسوسی کی جانب سے چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کو تحائف بھی پیش کیے گئے اور راجہ غضنفر علی خان ایڈووکیٹ کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل