مظفرآباد سگریٹ سمگلنگ سکینڈل میں اہم پیشرفت،ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو معطل 0

مظفرآباد سگریٹ سمگلنگ سکینڈل میں اہم پیشرفت،ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو معطل

ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد :ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیوسرکل مظفرآبادسردار محمد تسلیم خان کو نان کسٹم پیڈ سگریٹ کی اسمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر معطل کر دیا گیا اور انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے۔

ان لینڈ ریونیو سیکرٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معطلی کے حکم کے مطابق ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو سردار محمد تسلیم خان کے خلاف سنگین بدانتظامی کی بنیاد پر تادیبی کارروائی شروع کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈی سی ان لینڈ ریونیو کو آزاد جموں و کشمیر سول سرونٹس رولز 1977 کے رول 06 کے تحت معطل کیا گیاہے اور کمشنر ان لینڈ ریونیو (ساؤتھ زون) میرپور سید انصر علی کو ’’انکوائری آفیسر‘‘ مقرر کیا گیاہے۔

سیکرٹری ان لینڈ ریونیو نے معطل افسر کوفوری طور پر انکوائری آفیسر کے دفتر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس سے قبل ڈھائی کروڑ کے سیگریٹس کی سمگلنگ کے سکینڈل میں 28 مئی کو انسپکٹر ان لینڈ ریونیو کو بھی معطل کیاگیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں