چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد 0

چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد

ڈیلی پرل ویو.چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ کی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں ہائیکورٹ آزادجموں وکشمیر کی انتظامیہ کی جانب سے پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ججز آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس سید شاہد بہار، جسٹس سردار محمد اعجاز خان، جسٹس خالد رشید چوہدری اور سابق جج ہائیکورٹ جسٹس میاں عارف حسین، ایڈووکیٹ جنرل، وائس چیئرمین آزادجموں وکشمیر بار کونسل، رجسٹرار ہائیکورٹ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سیکرٹری قانون، انصاف و پارلیمانی امور، سیکرٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، چیئرمین انوائرمنٹل ٹریبونل، چیئرمین انکم ٹیکس ٹربیونل،ججز احتساب کورٹس، جج الیکشن ٹریبونل، جج سروس ٹریبونل، ممبرآن بار کونسل، سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ و ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، صدر سینٹرل بار ایسوسی ایشن، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد، ماتحت عدلیہ آزاد جموں و کشمیر کے جوڈیشل آفیسران و قاضی صاحبان نے شرکت کی۔ تقریب آمد پر چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ہائیکورٹ کے افسران نے چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کو پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ویلکم کیا گیا اور چیف جسٹس ہائیکورٹ صداقت حسین راجہ کو آزادجموں وکشمیر پولیس کی جانب سلامی دی گئی۔ تقریب سے خطاب میں مقررین نے جسٹس صداقت حسین راجہ کی عدلیہ کے لیے خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صداقت حسین راجہ نے عام آدمی کو انصاف کی فراہمی، وکلاء اور جوڈیشری کے وقار میں اضافہ کیا اور عدلیہ کے انفراسٹرکچر کی بہتری، جوڈیشل آفیسران کو سہولیات کی فراہمی سمیت عدلیہ کے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا کہ بطور چیف جسٹس میری جتنی کامیابیاں ہیں ان سب میں ہائیکورٹ کے ججز صاحبان، وکلاء اور ہائیکورٹ کے افسران اور سٹاف کا کلیدی کردار ہے۔ریٹائرمنٹ پر وکلاء اور عدلیہ کی جانب سے جس انداز میں محبت دی گئی اس پر آپ سب کا مقروض ہو کر جارہا ہے۔ جس انداز سے آزادجموں وکشمیر بھر میں عزت افزائی کی گئی اس پر وکلاء اور ماتحت عدلیہ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب حق سچ کے ساتھ کھڑے ہوں تو کوئی بھی راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ ہائیکورٹ کے موجودہ ججز دلیر، لائق اور اصول پرست ہیں۔ ہائیکورٹ کے انفراسٹرکچر کے لیے فنڈز کی فراہمی پر تمام وزرائے اعظم اور سیکرٹریز کا بھی شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے وکلاء کو اللہ نے بہترین صلاحیتیں دی ہیں۔ انہوں نے بھرپور تعاون پر وکلاء اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں وکشمیر شیخ مسعود اقبال نے کہا کہ چیف جسٹس صداقت حسین راجہ حق کے ساتھ رہے اور حق کا ساتھ دیا۔ آپ محبتوں کے سفیر ہیں۔ آپکی وجہ سے وکلاء کی تحریم اور تکریم میں اضافہ ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں