supreme court ajk 0

چیف جسٹس و ججز سپریم کورٹ آزاد کشمیر کا اظہار تعزیت، بوستان چوہدری ایڈووکیٹ کی خدمات کو خراج تحسین

مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو):چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان، سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم، اور جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان نے سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، سابق رجسٹرار سپریم کورٹ اور ممتاز قانونی شخصیت بوستان چوہدری ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری تعزیتی پیغام میں مرحوم کی عدالتی و قانونی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ بوستان چوہدری مرحوم ایک شریف النفس، ملنسار، باصلاحیت اور محنتی شخصیت تھے، جو قانون و آئین کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتے تھے۔ ان کی پیشہ ورانہ خدمات بطور جج اور بطور وکیل عدلیہ کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ مرحوم کی وفات ریاست جموں و کشمیر کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ چیف جسٹس اور دیگر ججز صاحبان نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی عدلیہ ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں 19 جون 2025 کو ایک فل کورٹ تعزیتی ریفرنس اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں مرحوم کی عدالتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں