مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو):چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ، عدالت العالیہ، مختلف ٹربیونلز، بار کونسل، وکلاء، ججز، اور قانونی اداروں کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔
چیف جسٹس نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد ہم سب پر لازم ہے۔ بنچ اور بار عدالتی نظام کے دو لازم و ملزوم پہیے ہیں، اور بار ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آئینی خودمختاری اور فیصلوں کا احترام وکلاء پر لازم ہے۔
انہوں نے چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت شاہین کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعیناتی سفارشات اور میرٹ کی بنیاد پر کی گئی۔ عدلیہ قانون اور آئین کی بالادستی کو ہر قیمت پر برقرار رکھے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت شاہین نے اپنی تقرری کو “انصاف کی جیت” قرار دیا اور بار و بنچ کے مضبوط تعلق پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رہنمائی میں انصاف کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
نو منتخب صدر سنٹرل بار سید انیس الحسن گیلانی نے خطاب میں بار کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے وکلاء کی فلاح و بہبود، چیمبرز کی تعمیر، جوڈیشل اکیڈمی کے قیام اور علاج کی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر قانون کا 50 لاکھ روپے کی گرانٹ پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاک فوج کو بھارت کے جنگی جنون کے خلاف کامیابی پر مبارکباد اور ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت بھی کی۔
سابق صدر سنٹرل بار مسعود مغل ایڈووکیٹ نے عدلیہ کی خدمات کو سراہا اور سنٹرل بار کے مسائل کے حل پر اعلیٰ عدلیہ کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، کشمیر و فلسطین کی آزادی، ایران و غزہ کی فتح کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔