0

راجکوٹ فیز XIII لنک روڈ: ناقص کام پر فوری کارروائی، 50 فٹ پریمکس اور ایڈجنگ دوبارہ کرانے کی ہدایت

ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (پبلک ورکس رپورٹر) محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات ڈویژن کی جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق لنک روڈ راجکوٹ فیز XIII (لمبائی: 1 کلومیٹر)، حلقہ 27-LA کوٹلہ کے تعمیراتی کام پر ناقص میٹریل کی نشاندہی پر فوری نوٹس لیا گیا اور 50 فٹ پریمکس اور ایڈجنگ کو ڈیسمینٹل کروا دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ منصوبے کا ورک آرڈر 12 مئی 2022 کو جاری کیا گیا تھا، جس کی تخمینہ لاگت 1 کروڑ 68 لاکھ 40 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ کنٹریکٹ ایم ایس عباس احمد مغل کو جاری کیا گیا، جس کے تحت ارتھ ورک، ریٹیننگ اسٹرکچرز، سولنگ اور بیس کورس کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ موجودہ وقت میں 1 انچ پریمکس کا کام جاری ہے، جس میں سے 2400 فٹ مکمل کیا جا چکا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق، سوشل میڈیا پر اس منصوبے سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ناقص تعمیراتی کام کی نشاندہی کی گئی۔ اس پر ایگزیکٹو انجینئر شاہرات زاہد گیلانی اور سب ڈویژن آفیسر نے 17 جون 2025 کو موقع پر جا کر معائنہ کیا اور 50 فٹ حصے کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے فوری طور پر اکھاڑنے (Dismantle) کی ہدایت جاری کی۔ بقیہ کام تسلی بخش قرار پایا۔

حکام نے کنٹریکٹر کو سخت تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ کسی بھی قسم کی غفلت یا ناقص میٹریل کی صورت میں کنٹریکٹ کی منسوخی کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں، فیلڈ اسٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ باقاعدگی سے منصوبے کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کریں۔

محکمہ شاہرات نے واضح کیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں