مظفرآباد(ڈیلی پرل ویو )صدرپاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمدیٰسین نے کہا کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر کامیابی ملنے کا کریڈٹ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔فیلڈ مارشل کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد بھارت غم سے نڈھال ہے اور بھارت کو کچھ سمجھ نہیں آرہی کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔موجودہ حکومت نے متوازن بجٹ پیش کر کے تاریخ رقم کی ہے۔عوام کااداروں پر اعتماد بحال ہوا ہے جس کا کریڈیٹ حکومت کوجاتا ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بیرونِ ملک پاکستان کا مقدمہ لڑا، دہشت گردی پر مؤثر بات کی گئی، پاکستان کا نام بطور ذمہ دار ایٹمی ریاست کے سب کی نظر میں آگیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے امریکا، یورپ اور دیگر ممالک میں پاکستان کا موقف بھرپور طریقے سے پیش کیا ہے۔اسرائیل نے وہی جنگ مسلط کی جو بھارت نے پاکستان پر مسلط کرنے کی کوشش کی تھی۔ دنیا میں کسی نے نہیں دیکھا کہ پانی بطور ہتھیار استعمال کیا گیا ہو۔انڈس واٹر ٹریٹی معطل کرنے کی کوئی شق نہیں ہے۔وزیراعظم نے تمام شعبہ جاتات کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔تعلیم،صحت،زراعت اور امن و امان کے شعبے موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہیں۔فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو عزت اللہ پاک نے دی ہے۔انکی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کیخلاف بڑی فتح حاصل کی ہے۔امریکی صدر کا فیلڈ مارشل کو ظہرانہ دینا یقینا عزت کی بات ہے۔دنیا آج پاکستان کے موقف کے ساتھ چل رہی ہے۔پاکستان کی افواج منظم اور پیشہ ور افواج ہیں، جو آئین کے تحت اور ریاستی احکامات کے مطابق اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہی ہیں۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل