مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں سید بازل علی نقوی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی، جس میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام سے دوبارہ منسوب کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم پاکستان، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع، ایٹمی پروگرام کے تحفظ، آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور میزائل ٹیکنالوجی کے حصول میں گراں قدر قومی، ملی اور عالمی خدمات سرانجام دیں۔ لہٰذا ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ان خدمات کے اعتراف میں نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کو ان کے نام سے باضابطہ طور پر منسوب کیا جائے۔
قرارداد پر مختلف آراء
قرارداد پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر وائلڈ لائف و فشریز سردار جاوید ایوب نے کہا:
“محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ایک تاریخ ساز شخصیت تھیں۔ ان کے سیاسی مخالفین بھی ان کی قومی خدمات کا برملا اعتراف کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی فراہم کی، جو ملکی دفاع میں سنگِ میل ہے۔”
معاون خصوصی برائے قانون و پارلیمانی امور محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا:
“محترمہ بے نظیر بھٹو صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی قائد نہ تھیں بلکہ پورے ایشیا کی نمائندہ شخصیت تھیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور کشمیریوں کو او آئی سی میں نمائندگی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔”
سپیکر اسمبلی کی رولنگ
اس موقع پر سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ:
“یہ قرارداد وزیراعظم پاکستان، تمام صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ کو بھیجی جائے تاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی خدمات کا ملک گیر سطح پر اعتراف کیا جا سکے۔”