ڈیلی پرل ویو.آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز سپیکر چوہدری لطیف اکبرکی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں وزیر اوقاف احمد رضا قادری نے وزیربحالیات جاوید اقبال بڈھانوی کے بھائی چوہدری عبدالکریم کی وفات پر ایوان میں فاتحہ خوانی کروائی۔ ایوان نے مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر، وزراء حکومت سردارجاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید، سردارعامر الطاف کی جانب سے پیش کردہ قراردادیں متفقہ طورپر منظورکرلیں۔
صدرمسلم لیگ ن آزادجموں وکشمیر کی جانب پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی اور امریکی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ ا یوان امریکہ کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔ اس معزز ایوان کی رائے میں ایران کا ایٹمی پروگرام جو کہ محض پر امن مقاصد کے لیے تھا، پر امریکی حملہ اقوام متحدہ کے چار ٹراور تمام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اس معزز ایوان کی رائے میں اسرائیل امریکہ کی مدد اور حمایت سے نہ صرف غزہ کے مسلمانوں پر ظلم وستم کر رہا ہے بلکہ غزہ اور فلسطین کے دیگر علاقوں میں اسرائیلی جارحیت انسانیت کی تاریخ کی بدترین مثال ہے جہاں پر نہ صرف معصوم بچوں اور عورتوں کو اسرائیلی افواج کی بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے بلکہ غزہ کے اندر ہسپتالوں، سکولوں اور یہاں تک کہ راشن کی تقسیم کے دوران لوگوں پر حملہ کر کے ان کو شہید کیا جارہا ہے۔ اس وقت تک اسرائیل 60 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے۔اس معزز ایوان کی رائے میں عالمی برادری نے اگر اسرائیلی جارحیت کو نہ روکا تو اسرائیل کا یہ اقدام تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ بھی ہو سکتا ہے۔ یہ ایوان اقوام متحدہ، عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ، وہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لیں اور فلسطین کے مسئلے کا واحد حل چونکہ دور یاستی حل ہے، لہذ ا عالمی برادری فلسطینیوں کی الگ ریاست کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔یہ ایوان اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی بھر پور حمایت کرتا ہے اور ایران کی قیادت اور عوام کو اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم اور گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو نا کام بنانے پر بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان امت مسلمہ بالخصوص OIC کو ایران کی بھر پور حمایت کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
