مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا انعقاد ہوا، جس سے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے خطاب کیا۔
وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بجٹ 2025-26 کے اہم نکات پر روشنی ڈالی اور ایوان کو بجٹ تجاویز، ادارہ جاتی اصلاحات، مالی نظم و ضبط اور عوامی فلاحی منصوبہ جات کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ تجاویز پر بحث کے دروازے کھلے ہیں، اگر کوئی بہتر تجویز سامنے آتی ہے تو اس پر غور کرتے ہوئے بجٹ میں ترامیم بھی ممکن ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ فائنانس بل کی منظوری تک بجٹ اجلاس جاری رہے گا اور اپوزیشن سمیت تمام ارکان اسمبلی کو مساوی وقت اور مواقع دیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ:
بجٹ میں ترقیاتی اسکیموں کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات جیسے تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو ترجیح دی گئی ہے۔
حکومتی شفافیت اور میرٹ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔
سپلیمنٹری گرانٹس معمول کا حصہ ہیں، سال بھر جاری رہتی ہیں۔
وزیر اعظم نے اپوزیشن کو تنقید کے بجائے تعمیری تجاویز دینے کی دعوت دی اور کہا کہ ایوان میں اختلافی نقطہ نظر سننے اور سمجھنے کا ماحول برقرار رکھا جائے گا۔
اسمبلی اجلاس میں حکومتی و اپوزیشن ارکان نے بجٹ پر اظہار خیال کیا، جبکہ اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے ایوان کی کارروائی کو قواعد و ضوابط کے تحت خوش اسلوبی سے جاری رکھنے پر زور دیا۔