مظفرآباد(ڈیلی پرل ویو)ناظم برقیات خالد صدیق نے کہا ہے کہ سیکرٹری توانائی اور چیف انجینئر برقیات کی نگرانی میں سالانہ ریونیو، ریکوری اہداف کے حصول کے لئے پر عزم ہیں۔ کنکشن بحالی کے لئے نادہندگان کو واجبات بہرصورت جمع کروانے ہونگے، جن صارفین نے ابھی تک بل و بقایات نہیں جمع کروائے انہیں ڈس کنکشن کی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، بروقت واجبات جمع کروانے والے اور بجلی کا جائز و مناسب استعمال کرنے والے صارفین محکمہ کے لئے قابل احترام ہیں۔ عوامی شکایات کی وجہ سے رات کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی ہے۔ دن میں بھی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو کم سے کم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔بجلی سے متعلقہ مسائل کے خاتمے کے لئے ایک بڑے پراجیکٹ پر کام ہو رہا ہے۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ناظم برقیات نے کہا کہ مہتممان سمیت جملہ سٹاف کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ ریونیو، ریکوری پراگرس میں مزید بہتری لائی جائے، ووچر ریٹرن 100 فیصد جمع ہونے چاہئیں۔بقایا داروں اور نادہندگان کے خلاف جاری اپریشن کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری توانائی ارشاد احمد قریشی اور چیف انجینئر برقیات زیاد اکبر کی ہدایات کے مطابق سالانہ اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہیں افسران مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے سٹاف کے ساتھ مل کر کام کریں اہداف کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں میں مزید تیزی لائی جائے کسی بھی قسم کے خوف کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بلاتفریق میرٹ کے مطابق نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کاروائی کریں۔ ڈس کنکشنز کی کاروائیوں میں تیزی لائی جائے جن علاقوں میں صارفین کی اکثریت بجلی کے بل اور بقایات جمع نہیں کروا رہی ان علاقوں کے ٹرانسفارمرز کو بند کیا جائے۔ یہ عمل کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا کہ بجلی کے استعمال کے بعد کوئی واجبات جمع نہ کروائے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کے اختتام تک سٹاف ہمہ وقت حاضر رہے۔ کسی بھی قسم کی سستی غفلت اور لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اچھا کام کرنے والوں کو کارکردگی کی بنیاد پر محکمہ عزت اور مقام دے گا جبکہ کام میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کو سزا اور جزا کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔ ناظم برقیات نے کہا کہ صارفین اور محکمہ برقیات کا آپس میں گہرا تعلق ہے صارفین تعاون کریں تاکہ محکمہ مزید اچھے انداز میں انکی خدمت کر سکے صارفین بجلی کا جائز اور مناسب استعمال یقینی بنائیں اور اپنے ذمے واجبات بروقت جمع کروائیں

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل