مظفرآباد(ڈیلی پرل ویو) یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیرمظفرآباد کے نو تعینات وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک نے اپنے منصب کا چارج سنبھالنے کے بعد جامعہ کے تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ پہلی باضابطہ ملاقات کی۔
وائس چانسلر نے ادارے کی تعلیمی بہتری، انتظامی اصلاحات اور طلبہ کو مرکزِ نگاہ رکھتے ہوئے ترقی کے واضح اہداف پیش کیے۔
اپنے فکر انگیز اور پُراثر خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک نے کہا کہ جامعہ محض ایک درسگاہ نہیں بلکہ ہزاروں والدین کا وہ قیمتی اعتماد ہے، جو اپنے بچوں کو یہاں علم و تحقیق کی جستجو اور ایک روشن مستقبل کی اُمید کے ساتھ بھیجتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک نے کہا”ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس اعتماد پر پورا اتریں اور یو اے جے کے کو علم، تحقیق اور کردار سازی کا حقیقی مرکز بنائیں۔
وائس چانسلر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ کلاسز میں اپنی حاضری یقینی بنائیں، تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں میں طلبہ کی بھرپور رہنمائی کریں اور وقت کی پابندی کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی شعبے جامعہ میں ایسا ماحول پیدا کریں جہاں ہر طالب علم اور محقق کو سہولت، اعتماد اور مواقع میسر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کی ترقی صرف اسی صورت ممکن ہے جب ہم سب مل کر، خلوصِ نیت، پیشہ ورانہ دیانت داری اور باہمی احترام کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔
”اجتماعی دانش، ٹیم ورک اور اعتماد کی فضا ہی کسی ادارے کی کامیابی کی اصل بنیاد ہے،“ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا۔