ڈیلی پرل ویو.مظفر آباد (نامہ نگار)ڈائریکٹر جنرل زراعت و لائیو اسٹاک آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد اعجاز خان کی زیر صدارت ایک اہم محکمانہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں زرعی ترقی، جانوروں کی افزائش، ویکسینیشن پروگرامز اور کسانوں کی فلاح سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ زراعت و لائیو اسٹاک کے ضلعی افسران، تکنیکی ماہرین اور فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں جاری زرعی پراجیکٹس، جانوروں کی صحت سے متعلق سہولیات، اور کھاد و بیج کی بروقت فراہمی جیسے اہم نکات زیر بحث آئے۔
ڈاکٹر محمد اعجاز خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی تکنیکی معاونت اور ان کو جدید زرعی تربیت فراہم کرنا محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ فصلوں کی پیداوار میں اضافے اور لائیو اسٹاک سیکٹر کی بہتری کے لیے فیلڈ افسران اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔
ڈائریکٹر جنرل کا وژن
ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ تمام افسران فیلڈ وزٹ کو یقینی بنائیں، کسانوں کے مسائل کو موقع پر حل کریں، اور لائیو اسٹاک و زراعت سے جڑے منصوبوں کی شفاف مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی خودکفالت کے لیے محکمہ عوامی تعاون اور جدید سائنسی اصولوں کو اپناتے ہوئے آگے بڑھے گا۔