0

اصول اور نظریئے کیلئے پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے، سردار تنویر الیاس

اسلام آباد (ڈیلی پرل ویو) سابق وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ وہ کسی وقتی فائدے، ذاتی مفاد یا سیاسی مصلحت کیلئے نہیں بلکہ اصول، نظریئے اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی پسے ہوئے عوام، مزدوروں، نوجوانوں، خواتین اور جمہوریت کی اصل ترجمان ہے، یہی وجہ ہے کہ اس قافلے میں شمولیت میرے لیے سیاسی نہیں بلکہ نظریاتی فیصلہ ہے۔

اسلام آباد کے ایف ایٹ سیکٹر میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ان کے اعزاز میں ایک پرجوش اور شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں حلقہ ایل اے 5 پونچھ سمیت ریاست بھر سے بڑی تعداد میں کارکنان، رہنما اور جیالے شریک ہوئے۔

سردار تنویر الیاس خان کی آمد پر کارکنان نے والہانہ استقبال کیا، فلک شگاف نعرے لگائے گئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور سیکرٹریٹ کو پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا۔

اپنے خطاب میں سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محروم طبقات کے حقوق، آئینی بالادستی اور عوامی نمائندگی کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ 1973 کا متفقہ آئین، این ایف سی ایوارڈ، اٹھارہویں ترمیم اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر کشمیر کے حق میں مؤثر سفارت کاری، اس جماعت کے تاریخی ورثے کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان ہی اصل طاقت ہیں، پارٹی کی اصل روح ہیں، اور ہم سب ایک خاندان کی مانند ہیں۔ حلقہ ایل اے 5 پونچھ کے ان وفادار جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا علم تھامے رکھا۔

انہوں نے کہا کہ شہید سردار صغیر چغتائی کی عوامی خدمت، سادگی، بے داغ کردار اور اصولی سیاست ہمارے لیے مشعل راہ ہے، ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

سردار تنویر الیاس نے مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آج منفی باتیں پھیلا رہے ہیں وہی لوگ کل تک ہمیں اپنی جماعتوں میں شامل کرنے کی کوشش کرتے رہے، اب جب ہم نے پیپلز پارٹی کا نظریاتی انتخاب کیا ہے تو ان کے چہروں پر مایوسی نظر آتی ہے، ان کے انگور کھٹے ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں