0

سید سلیم گردیزی کے اعزاز میں شاندار الوداعی تقریب، خدمات کو زبردست خراج تحسین

ڈیلی پرل ویو.مظفر آباد (نامہ نگار)سابق سپیشل سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر سید سلیم گردیزی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں سیکرٹریٹ گروپ کی جانب سے ایک شاندار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) محترمہ مدحت شہزاد، سابق سیکرٹری حکومت خواجہ احسن، سیکریٹریز حکومت خالد محمود مرزا، عامر محمود مرزا، ندیم اقبال قریشی، صدر سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن محمد شریف اعوان سمیت اعلیٰ افسران، ایڈیشنل سیکریٹریز، ڈپٹی سیکریٹریز، سیکشن آفیسران اور خواتین افسران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری مدحت شہزاد نے کہا کہ دوران سروس انصاف، اصول پسندی، اور دیانتداری کو اپنانا بڑی خوبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید سلیم گردیزی نے اپنی سروس میں ہمیشہ پیشہ ورانہ اہلیت، وژن اور میرٹ کو مقدم رکھا، جس پر وہ بجا طور پر خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

دیگر مقررین نے بھی سلیم گردیزی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک فرض شناس، دیانت دار اور اصول پسند افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ حق دار کو اس کا حق پہنچانے کی کوشش کی اور ملازمین کے حقوق کی جنگ میں بھی ہراول دستے میں رہے۔ سلیم گردیزی کی ادبی وابستگی، علمی ذوق اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کو بطور مثال پیش کیا گیا۔

اپنے خطاب میں سید سلیم گردیزی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سروس کو ہمیشہ عبادت سمجھا اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ سیکرٹریٹ گروپ سے وابستہ یادیں ہمیشہ ان کے دل میں رہیں گی۔

تقریب کے اختتام پر سید سلیم گردیزی کو تحائف اور اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ شرکاء نے کھڑے ہو کر دیر تک تالیاں بجا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں