ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) بلدیہ مظفرآباد نے عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بڑی کارروائی کرتے ہوئے نیلم پل کے قریب غیر معیاری اور ناقص فروزن فوڈ سے بھرا ایک ٹرک ضبط کر لیا۔ کارروائی میونسپل مجسٹریٹ سردار عمران کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جس کے دوران موقع پر ہی تقریباً 18 لاکھ روپے مالیت کا ناقص قیمہ اور گوشت تلف کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ قیمہ صابر پولٹری (سبروسو کمپنی) سے حاصل کیا گیا تھا، جو مبینہ طور پر 200 روپے فی کلو کے حساب سے منگوایا گیا۔ غیر معیاری قیمہ شہر کے مختلف ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور قیمہ فروشوں کو سپلائی کیا جانا تھا، جہاں یہ چپل کباب، گوشتابہ، اور دیگر گوشت سے بنی اشیاء میں استعمال کیا جاتا۔
قانونی کارروائی کا آغاز
میونسپل کارپوریشن نے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور تمام ثبوت و شواہد ضلعی انتظامیہ کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔ بلدیہ کے مطابق اس واقعے کو مثال بناتے ہوئے مستقبل میں ایسی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
عوامی تحفظ کے لیے سخت اقدامات
بلدیہ مظفرآباد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو محفوظ اور خالص خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر بھر میں قیمہ فروشوں، گوشت و چکن سپلائرز اور ہوٹلز کے خلاف چیکنگ مہم جاری ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ کوئی بھی فرد یا ادارہ انسانی صحت سے کھیلنے کا مرتکب ہوا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں سے تعاون کی اپیل
بلدیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری یا مشکوک اشیاء خورد و نوش کی نشاندہی فوری طور پر متعلقہ حکام کو کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔