0

آزادکشمیر حکومت کی جانب سے پولیس کے الاؤنسز میں اضافہ کر دیا گیا

ڈیلی پرل ویو. مظفرآباد :آزاد کشمیر حکومت نے پولیس کے الاؤنسز میں اضافے اور ایس ڈی ایم اے کے لیے 80 کروڑ روپے کے فوری اجرا کا اعلان کر دیا ہے۔ ان اہم فیصلوں کا اعلان موسٹ سینئر وزیر و وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ وقار نور اور وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ پولیس کا راشن الاؤنس بڑھا دیا گیا ہے، جب کہ یونیفارم اور رسک الاؤنس 2015 کی بنیادی تنخواہ کے مطابق ادا کیا جائے گا۔ پولیس کے دیگر مطالبات پر غور کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ کرنل وقار نور کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کو مزید فعال اور جدید بنانے کے اقدامات جاری ہیں، تاہم مسلح افواج اور پولیس کے شہداء کی مراعات برابر نہیں ہو سکتیں کیونکہ فوج کو دہشت گردی کے خلاف زیادہ ایکسپوژر ہوتا ہے۔

وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے مون سون ایمرجنسی کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس ڈی ایم اے کو فوری طور پر 80 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید اقدامات کے تحت 5 ریموٹ کنٹرول کشتیاں خریدی گئی ہیں جو 70 میٹر تک دریا میں پھنسے افراد کو بچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ڈرونز بھی منگوائے جا رہے ہیں، جو ایک انسان کا وزن آسانی سے اٹھا سکیں گے۔

نالوں اور برساتی ندیوں کے کنارے آباد افراد کو وارننگ نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر خزانہ کے مطابق، محفوظ مقامات پر منتقل کیے جانے والوں کے لیے طعام و خوراک کا بندوبست بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں