ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق سے وزیرِاعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ اور اس ضمن میں داخلی و خارجی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اس امر پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے جامع منصوبہ بندی، مربوط حکمتِ عملی اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا تاکہ بین الاقوامی سطح پر خطے کی مثبت شناخت کو اجاگر کیا جا سکے۔
وزیرِاعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر سیاحت کے شعبے کو ایک مضبوط انڈسٹری کے طور پر فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے اور ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سردار یاسر الیاس نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر میں موجود قدرتی حسن اور ثقافتی ورثہ سیاحتی ترقی کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے، جنہیں بروئے کار لا کر ملکی معیشت کو تقویت دی جا سکتی ہے۔
فریقین نے سرکاری و نجی شعبے کے مابین مؤثر اشتراکِ عمل پر زور دیتے ہوئے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔