ڈیلی پرل ویو.کراچی (نمائندہ خصوصی) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور معروف سماجی کارکن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیریوں کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کیونکہ اس روز بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کر کے ظلم و جبر کا نیا سلسلہ شروع کیا۔
کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دے کر اس کی اہمیت کو ہمیشہ کے لیے اجاگر کر دیا۔ مزار قائد پر آ کر انہیں روحانی سکون اور حوصلہ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اس وقت ایک عظیم جدوجہد کے مراحل سے گزر رہے ہیں اور ہر روز قربانیاں دے کر دنیا کو باور کروا رہے ہیں کہ وہ اپنے حقِ خودارادیت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
مشعال ملک نے بھارتی ریاستی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے بلکہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ادارہ ’را‘ پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے مختلف نیٹ ورکس کو استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ماضی میں بھی فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، جن میں پہلگام واقعہ نمایاں مثال ہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان ہمیشہ سچائی کے معرکے میں سرخرو ہوا ہے۔