ڈیلی پرل ویو.جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کی قیادت وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر مظہر سعید شاہ، وزیر جموں و کشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی، اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے کی۔
ریلی کے شرکاء نے بھارتی جبر کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پاکستان و آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظلوم کشمیری عوام کے خلاف جاری ظلم و ستم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ریلی کے اختتام پر اقوامِ متحدہ کے مبصر مشن کے دفتر میں ایک باضابطہ یادداشت پیش کی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ:
اقوامِ متحدہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرائے جائیں۔
کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت فراہم کیا جائے۔
مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی اقدامات پر خاموشی ترک کرے اور کشمیری عوام کی آواز بنے۔