0

ان لینڈ ریونیو ملازمین کا احتجاج شدت اختیار کرگیا، مطالبات کی عدم منظوری پر سخت ردعمل کی وارننگ

مظفرآباد ( ڈیلی پرل ویو) محکمہ ان لینڈ ریونیو آزادکشمیر کے ملازمین طویل احتجاجی عمل سے گزر رہے ہیں، تاہم حکومت کی مسلسل بے حسی نے صورتحال کو مزید کشیدہ بنا دیا ہے۔ ان لینڈ ریونیو ویلفیئر ایسوسی ایشن کی کال پر تین ہفتوں سے جاری قلم چھوڑ ہڑتال میں اب شدت آتی جا رہی ہے، جبکہ ملازمین نے عندیہ دیا ہے کہ اگر مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا۔ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر چوہدری محمد آصف اور دیگر رہنماؤں نے مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکریٹری، چیئرمین سی بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے مطالبات تسلیم کرنے اور نوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانیاں کرائی گئیں، لیکن عملی اقدامات کا مکمل فقدان ہے، جو سراسر ناانصافی کے مترادف ہے۔ان نے کہا ہے کہ ملازمین گزشتہ کئی برسوں سے اسپیشل الاؤنس، پرفارمنس الاؤنس، سروس اسٹرکچر،ودیگر الاؤنس جیسے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، اور اب صرف وعدوں کے سہارے احتجاج کو ٹالنا ممکن نہیں رہا۔ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو دارالحکومت مظفرآباد میں بھرپور دھرنا دیا جائے گا اور اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔احتجاج میں شریک ملازمین نے واضح کیا کہ وہ اپنے حقوق، عزت نفس اور سروس تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ ادھر عوامی و سرکاری حلقوں نے بھی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ نوٹس لے کر ملازمین کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کرے، تاکہ عوام کو ریونیو دفاتر کی بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات سے نجات مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں